سرکاری سردار اور ان کے اراکین اسمبلی وڈھ صورتحال پر لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں، جھالاوان عوامی پینل
خضدار (بیورو رپورٹ) جھالاوان عوامی پینل کے زیر اہتمام وڈھ میں امن وامان کی گمبھیر صورتحال کیخلاف ایک احتجاجی ریلی سٹی کے آرگنائزر میر شہزاد خان غلامانی، سینئر رہنماءمیر شہباز خان قلندرانی کی قیادت میں شہزاد سٹی مینگل ہاﺅس سے نکالی گئی۔ ریلی کے شرکا شہر کے مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب پہنچے، ریلی کے شرکاءسے جھالاوان عوامی پینل کے سٹی آرگنائزر میر شہزاد خان غلامانی، میر شہباز خان قلندرانی، سیکرٹری ظفر تاج میروانی، میر سعداللہ گنگو جان، محمد الفت اور دیگر نے خطاب کیا۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت فضل محمد زئی نے حاصل کی۔ اس موقع پر میر محمد اقبال رئیسانی، سیکرٹری اطلاعات میر سعید احمد قلندرانی، حافظ علی اکبر محمد زئی مینگل سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ ریلی کے شرکاءسے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میر شفیق الرحمن مینگل قیادت میں ہماری جماعت پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور وڈھ بلکہ پورے بلوچستان میں مظلوم اقوام کی نمائندگی کا حق ادا کررہے ہیں اور ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم مظلوم عوام کو بھی ظالم کی ظلم سے نجات دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک مہینے سے پورا وڈھ سرکاری سردار کے ہاتھوں یرغمال اور محصور ہوکر رہ گئے ہیں لوگوں کا نقل و حمل بھی محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سردار دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے کہ میری جائیداد پر قبضہ کیا گیا ہے ایسا ہر گز نہیں جبکہ ان کے اراکین اسمبلی قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں وڈھ کے حالات کے متعلق غلط بیانی کر کے دنیا کی توجہ ایک ظالم کی ظلم سے ہٹانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں لیکن اس جدید دور میں اب ظالم کو جھوٹی کہانیوں کے ذریعے گمراہ نہیں کرسکیں گے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ وڈھ کو ایک قبائلی سردار نے اپنے محاصرے میں رکھ کر غریب شہریو ں سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ اس موقع پر جھالاوا ن عوامی پینل خضدار وڈھ زہری نال کرخ اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے انہوں نے کہا کہ آج سے نہیں برسوں سے وڈھ کے عوام کو ایک قبائلی سردار نے یرغمال بنا رکھا ہے اور اب متعلقہ قبائلی سردار دو قدم اور آگے نکل کر نجی جیل قائم کی ہے جہاں شریف شہریوں کو ناکردہ گناہوں کی سزا دینے کے لئے قید رکھا جاتاہے گزشتہ دنوں ان مظالم کے خلاف وڈھ کے تقریبا چالیس معزز قبائلی ذمہ داران نے ایک جرگہ بلایا جس میں اپنی ردعمل کا اظہار کیا جھالاوان عوامی پینل کے رہنماوں نے کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں میں بی این پی (مینگل) کے اراکین اسمبلی وڈھ کی اصل صورتحال سے عوام کو آگاہ کرنے کے ببجائے متعلقہ قبائلی سردار کے مظالم پر پردہ ڈال کر انہیں مظلوم پیش کرنے کی جو کوشش کر رہے ہیں ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں اپنی پارٹی سربراہ کے مظالم پر جتنا بھی پردہ ڈالنے کی کوشش کریں مگر وہ اپنی کوششوں میں کامیاب نہیں ہونگے انہوں نے کہا کہ جو اپنے آپ کو سیاست کا کھلاڑی اور مینگل قبیلے کا سرپرست کہتا ہے چھ جولائی کے الیکشن کے بعد اب وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا ہے ان کی سہ جماعتی اتحاد کو بری طرح شکست ہوئی اور اللہ کے فضل و کرم سے ہماری جماعت اپنے اتحادیوں کے ساتھ کامیاب ہوئی انہوں نے کہا کہ اب جنرل الیکشن کا وقت مقرر ہونے والا ہے جوں جوں وقت قریب ہوتا جا رہا ہے انہیں اپنی شکست بچانے کے لئے یہ سب کچھ کرکے ایک خوف کا ماحول پیدا کرکے لوگوں ہراساں کرکے جیت اپنے نام کرنا چاہتا ہے لیکن ہم انہیں پر امن ماحول اور جمہوری طریقے سے شکست دے کر ثابت کرینگے کہ جھالاوان عوامی پینل اب تنا ور درخت بن گیا گیا اب ہمیں کوئی زیر کرنے کی کوشش نہیں کرسکتا کامیابی ہماری ہوگی۔


