سندھ بجٹ اجلاس، 75 فیصد ارکان آن لائن شرکت کریں گے:مرتضی وہاب

17 جون کو ہونے والے سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں 75 فیصد ارکان آن لائن شرکت کریں گے۔اس طرح سندھ پہلا صوبہ ہوگا جہاں اسمبلی میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ سندھ بجٹ اجلاس میں 25 فیصد ارکان اسمبلی شرکت کرسکیں گے جبکہ باقی ارکان بجٹ سیشن میں آن لائن شرکت کریں گے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آن لائن شرکت کے لیے سندھ اسمبلی کے رولز میں ترمیم کی منظوری آج دی جائے گی، قواعد میں اسپیکر کو آن لائن سیشن بلانے کی اجازت کی ترمیم شامل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ پہلا صوبہ ہوگا جہاں ارکان آن لائن اجلاس میں شرکت کرسکیں گے۔اُن کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتحال ہو یا روایتی اجلاس، اراکین کی شرکت ممکن نہ ہو تو آن لائن اجلاس ہوا کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں