سی پیک کے تحت پاکستان اور خطے کا مستقبل روشن ہے ، سینیٹر عبدالقادر

کوئٹہ( این این آئی)چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز سینیٹر عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے کا مستقبل روشن اور درخشاں ہے اس عظیم الشان منصوبے کے دس سال کامیابی سے ہمکنار ہونے ہیں جس پر چین اور پاکستان کی اقوام انتہائی مبارکباد کی مستحق ہیں اس عظیم منصوبے کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو ختم کرنا پاکستان کی ذمہ داری ہے اور اس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرکے اسے ناکام بنانے کی پالیسی پر گامزن ہر طاقت کو کچل دینے کی ضرورت ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چین نے اس فقیدالمثال منصوبے پر ابتداءمیں 25 بلین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرتے ہوئے خطے کی ترقی و خوشحالی کی بنیاد رکھ دی ہے پاکستان کی سیاسی کشمکش نے اس منصوبے کو سست روی کا شکار کیا لیکن اب منصوبہ دوبارہ اپنی ترقی کی منازل کی جانب رواں دواں ہے اس منصوبے سے افغانستان، ایران، ترکی، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور افریقی ممالک بھر پور استفادہ کر سکیں گے۔ افغان حکومت اگر سنجیدگی اور بردباری سے آگے بڑھنے کی کوشش کرے تو اس منصوبے سے انہیں بہت زیادہ فائدہ ہوگا اور افغان قوم دہشت گردی میں ملوث ہونے کی بجائے اپنی ترقی و خوشحالی پر توجہ مرکوز کرنے لگیں گے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں میں بدلا جائے گا سعودی عرب نے حال ہی میں پاکستان میں 24 بلین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کا عندیہ دے دیا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات نے بھی پاکستان کو 22 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا واضح اشارہ دیا ہے اس کے علاوہ معدنیات کے ذخائر سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستان 8 ٹریلین ڈالر کما کر ملک کو غربت اور افلاس کی گہرائیوں سے نکال سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے ہمیں اس سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے کے لئے دہشت گردی کے خوفناک عفریت پر قابو پانا ہو گا جیسے جیسے ملک میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے ویسے ویسے ملک دشمن عناصر اور دہشت گرد بھی متحرک ہو گئے ہیں پاکستان اور خطے کی خوشحالی اور ترقی کے دشمنوں کو بے رحمی سے کچلنے کی اشد ضرورت ہے افواج پاکستان اور انٹیلی جینس ایجنسیوں کو پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کو ختم کرنا ہوگا دہشت گردوں کے تمام نیٹ ورک ختم کرنے ہونگے ملک میں امن و امان قائم ہونے سے ترقی و خوشحالی آے گی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنا اور ان کو تحفظ فراہم کرنا حکومت پاکستان کی ذمہ داری اور اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں