پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات اورانتخابی نشان کیس، الیکشن کمیشن نے تحریری جواب جمع کرانے کی مہلت دیدی
اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے(پی ٹی آئی)کے انٹراپارٹی انتخابات کے خلاف اعتراضات اورانتخابی نشان کے حوالہ سے کیس کی سماعت 24اگست تک ملتوی کردی۔ الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کو تحریری جواب جمع کروانے کی مہلت دے دی۔ چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندرسلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت پی ٹی آئی وکلاء سینیٹر بیرسٹر سید علی ظفر اوربیرسٹر علی گوہر خان کی جانب سے تحریری جواب جمع کروانے کی مہلت مانگی گئی۔ جبکہ الیکشن کمیشن کے متعلقہ ونگ کے حکام کی جانب سے بینچ کو بتایا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات جون2019سے التواء کا شکار ہیں اور پی ٹی آئی کی جانب سے 2022میں 1999میں ترمیم کرد ہ پارٹی آئین کے تحت انتخابات کروائے تاہم اس کے ساتھ ہی آئین میں نئی ترامیم بھی کی گئی ہیں۔ پرانے آئین کے تحت پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات سیکرٹ بیلٹ کے زریعہ ہونا تھے جبکہ نئے آئین کے تحت شوآف ہینڈ کردیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے متضاد ترامیم پر پی ٹی آئی سے وضاحت مانگی جس کے بعد پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے یہ ترامیم واپس لے لی گئیں جس کے بعد انٹراپارٹی انتخابات کااسٹیٹس بھی ختم ہو چکا ہے۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو تحریری جواب جمع کروانے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت24اگست تک ملتوی کردی۔


