کنٹانی ھور میں کشتیوں کی رجسٹریشن کا تنازعہ، ایرانی تیل کی فراہمی بند، ذخیرہ اندوزوں کی چاندی
گوادر (بیورو رپورٹ) کنٹانی ھور میں اسپیڈ بوٹ کے رجسٹریشن کا تنازعہ۔ ایرانی تیل کا کاروبار رک گیا۔ ذخیرہ اندوزوں کی چاندی۔ ایرانی پٹرول کے دام میں ہوشربا اضافہ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد ایرانی پٹرول کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے۔ فی لیٹر 220 روپے میں فروخت کیا جانے لگا جب کہ شہر میں جگہ جگہ قائم تیل کے ڈپوز میں تیل غائب بھی ہونا شروع ہوا ہے۔ تاہم معلوم ہوا ہے کہ گوادر شہر میں ایرانی پٹرول کی قلت کنٹانی ھور میں ایرانی تیل کا کاروبار بند ہونے کے بعد پیدا ہوگئی ہے۔ کنٹانی ھور جیونی کے قریب پاک ایران کا سمندری سرحد ہے جہاں سمندر کے راستے ایران سے اسپیڈ بوٹ کے ذریعے ایرانی تیل کی سپلائی کا کاروبار کیا جاتا ہے جہاں گزشتہ کئی دنوں سے تیل کا کاروبار نہیں ہورہا ہے۔ ایرانی تیل کے کاروبار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسپیڈ بوٹ اور اسپیڈ بوٹ میں کام کرنے والے عملہ کی رجسٹریشن کرانے کی ھدایات جاری ہونے کے بعد تنازعہ پیدا ہوا ہے جس کے سبب تیل لانے کا کاروبار بند پڑا ہے۔ تاھم ایرانی تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ایرانی تیل کی قلت کا نوٹس لے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔


