وڈھ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی دوسرے فریق نے کی، کاروبار بند ہے، کوئی نوٹس لینے والا نہیں، جھالاوان عوامی پینل

کوئٹہ (این این آئی) جھالاوان عوامی پینل کے رہنماءمیر ندیم الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ صوبے میں امن امان نام کوئی چیز موجود نہیں ہے ،وڈھ میں بد امنی کے واقعات رو نماءہو نے کی وجہ سے بازار اور کاروباری مراکز بند پڑ ے ہوئے ہیں لیکن کوئی نوٹس لینے والا نہیں ہے ،چیف آف سراوان نواب اسلم رئیسانی نے وڈھ آکر ثالثی کا کردار ادا کیامگر دوسرے فریقین نے ثالثی کی روایات کو توڑ کر دوبارہ جنگ کا آغاز کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے حافظ نصیر مینگل، ملک حسین شاہوانی، اسفندیار لہڑی، حاجی واحد و دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان نام کی کوئی چیز نہیں، آئے روز بے امنی کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے، صوبے میں بے امنی اور بے روزگاری انتہا کو پہنچ گئی ہے، ووڈھ میں حالات کشیدہ ہیں لیکن کوئی نوٹس لینے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواب اسلم رئیسانی نے وڈھ آکر ثالثی کا کردار ادا کیا مگر دوسرے فریق نے ثالثی کی روایات کو توڑ کر دوبارہ جنگ کا آغاز کیا، جس کی وجہ سے کاروبار مکمل طور پر بند پڑے ہوئے ہےں۔ انہوں نے کہا کہ چند افراد جان بوجھ کر عوام کو دست و گریباں کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ وڈھ میں جاری جنگ میں ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں