سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری اور امریکی پولیٹیکل اینڈ اکنامک چیف کی ملاقات، بلوچستان میں خواتین کے کردار سے متعلق تبادلہ خیال

کراچی، کوئٹہ (این این آئی) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری اور امریکی پولیٹیکل اینڈ اکنامک چیف شیلی سیکسن کی امریکی قونصلیٹ میں اہم ملاقات۔ دونوں رہنماﺅں میں سیاسی پارٹیوں میں خواتین کی نمائندگی اوربلوچستان عوامی پارٹی کی خواتین کی نمائندہ ہونے کے ناطے، عام انتخابات، بلوچستان کی سیاست، خواتین کے کردار اور ایک ابھرتی ہوئی سیاسی قوت کے طور پر بی اے پی کے بارے میں سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ اس سے پہلے امریکی پولیٹیکل اینڈ اکنامک چیف شیلی سیکسن نے ثمینہ ممتاز زہری کو امریکی قونصلیٹ پہنچنے پر خوش آمدید کہا ۔ اس موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے شیلی سیکسن نے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی سیاسی و سماجی خدمات کو سراہا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مریکی پولیٹیکل اینڈ اکنامک چیف شیلی سیکسن سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان کی سیاست میں خواتین کے کردار اور ایک ابھرتی ہوئی سیاسی قوت کے طور پر بلوچستان عوامی پارٹی میں خواتین کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں پاکستان سمیت بلوچستان میں بہت سی خواتین اعلیٰ عہدوں پر تعینات رہی ہیں اور اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے نبھائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی اے پی جمہوری اقدار پر یقین رکھتی ہے اور ہماری سیاست کا محور عوام کی فلاح و بہبود اور یکساں تیز رفتار ترقی ہے ۔شیلی سیکسن نے گفتگو کرتے ہوئے اس بات سے اتفاق کیا کہ خواتین کسی بھی معاشرے کا اہم ستون ہیں جنہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ معاشرے کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے اور کوئی بھی معاشرہ خواتین کی شرکت کے بغیرترقی نہیں کر سکتا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان کی نصف آبادی یعنی خواتین کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے مواقع فراہم کرناوقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی معاشرے میں خواتین کو مختلف مسائل کا سامنا ہے جس کے سدباب کے لئے ہر سطح پر ہمیں جامعہ پالیسی بنانی ہو گی اور ان پر عملدرآمد کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے۔آئین پاکستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے اور خواتین کی مضبوطی کے بغیر کسی بھی معاشرے کی مضبوطی ممکن نہیں ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان بالخصوص بلوچستان کی خواتین کو ہنر مند اور خود مختار بنایا جاسکے تاکہ وہ معاشرے میں اہم کردار ادا کرسکیں ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے اوریہ اسلام ہی کی خوبصورتی ہے کہ خواتین کی عزت و احترام ہماری سماجی ، معاشرتی و مذہبی اقدار کا حصہ ہے اوریہاں خواتین کو اسلامی اقدار میں رہتے ہوئے اپنے جائز حقوق کے لئے آواز بلند کرنے کی اجازت ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں