صوبائی حکومت کو اپوزیشن کے احتجاج کوسنجیدہ لینا چاہیے،جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنر ل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو اپوزیشن کے احتجاج کوسنجیدیگی سے لینا چاہیے پی ایس ڈی پی میں برابری اور ضروریات کی بناء پر اسکیمات شامل کرنا صوبے کے ہر حلقے کا بنیادی حق ہے،اپوزیشن کے جائز مطالبات کو تسلیم کرکے انکے تحفظات دور کئے جائیں،یہ بات انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کے اراکین تیسری مرتبہ اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر آئے ہیں وہ یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ انکے حلقوں میں غیر منتخب افراد کی مداخلت ختم، صوبے کے تمام حلقوں کو یکساں ترقیاتی اسکیمات،بد عنوانی کے خلاف کاروائی، کورونا وائرس اور ٹڈی دل کے تدارک کے لئے اقدامات کئے جائیں یہ تمام مطالبات کسی بھی صورت غیر آئینی یا غیر قانونی نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ اور صوبائی حکومت کو چاہیے کہ وہ کھلے دل سے اپوزیشن کے جائز مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے ان پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ اختلاف جمہوریت کا حسن ہے لیکن ان اختلافات کو اس حد تک نہ لیکر جایا جائے کہ بلوچستان کے عوام کو اسکا نقصان ہو صوبے کا پہلے ہی بد امنی کی وجہ سے بہت نقصان ہوا ہے اب وقت ہے کہ ہم بلوچستان کی ترقی کے لئے ملکر کا م کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ جلد ازجلد اپوزیشن ساتھ بیٹھ کر بات چیت کریں اور انکے تحفظات کو دور کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں