گوادر سردشت کلانچ میں پانی کا بحران، جوہڑ بھی خشک ہوگئے، مکین بوند بوند کو ترسنے لگے
گوادر (این این آئی) سردشت کلانچ میں پانی کا بدترین بحران،بارشوں سے ذخیرہ جوہڑوں کے پانی سوکھ گئے، شادی کور ڈیم ٹو سردشت ٹینکروں کے لئے روڑ خستہ حال، علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، کئی کلومیٹر دور پانی کی تلاش میں سرگرداں۔تفصیلات کے مطابق پسنی کے نواحی علاقے اس وقت پانی کی بدترین بحرانی کیفیت سے دوچار ہیں، کئی مہینے گزرے بارشیں نہ ہونے سے سردشت سمیت کلانچ کے دیگر علاقوں میں جوہڑوں میں ذخیرہ پانی سوکھ گئے ہیں جس سے علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور کئی کلومیٹر دور چل کر پانی لانے پر مجبور ہیں دوسری طرف شادی کور ڈیم ٹو سردشت سڑک خستہ حالی کا شکار ہے جس سے ٹینکروں کو ان علاقوں میں پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے مکینوں نے ضلعی چیئرمین، محکمہ پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور حکام بالا سے اپیل کی کہ سردشت اور کلانچ کے دوسرے علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر ٹینکروں سے پانی سپلائی کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور شادی کور ڈیم ٹو سردشت خستہ حال روڑ کی مرمت کی جائے تاکہ ان علاقوں میں ٹینکروں کو پہنچنے میں آسانی ہو۔


