جی – 20 کانفرس اور سی پیک سے علاقے میں اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا، سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(این این آئی) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ نئی دہلی بھارت میں منعقد ہونے والی جی – 20 کانفرنس کی غیر معمولی علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت ہے دنیا کی صف اول کی 20 معیشتوں کے سربراہ بھارت میں اکٹھے ہوئے ہیں جہاں چین ایک بڑی ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے وہاں امریکی سرپرستی میں بھارت میں ہونے والی حالیہ کانفرنس میں چین کے اقتصادی راہداری منصوبوں کے توڑ کے طور پر جی -20 کے منصوبے سامنے آ رہے ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر عبدالقادر نے کہا کہ یہ بات نہایت اہمیت کی حامل ہے اور پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے سے بھی علاقائی ترقی و خوشحالی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں دوسری جانب بھارت، مشرق وسطیٰ، یورپ اور امریکا نت نئے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ سامنے آ رہے ہیں گویا ایک بین الاقوامی اقتصادی مسابقتی دوڑ شروع ہو گئی ہے ایک جانب اقتصادی سرگرمیوں کا سرپرست چین ہے جبکہ دوسری جانب امریکہ بھارت کو چین کے مقابلے میں مظبوط اقتصادی طاقت کے طور پر تیار کر رہا ہے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا ہے کہ یوں لگتا ہے دنیا دو اقتصادی بلاکس میں بٹ گئی ہے اس اقتصادی مسابقتی دوڑ کو مثبت عمل کے طور پر لیا جانا چاہئے اگر بھارت ایک بڑی اقتصادی طاقت بن کر ابھرا ہے تو پاکستان کو بھی اپنی اقتصادیات پر نہایت سمجھداری اور سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان بھر پور استفادہ کر سکتا ہے چین اور پاکستان اس منصوبے پر بہت زیادہ ایڈوانس اسٹیج پر ہیں جبکہ جی- 20 سے جڑے ہوئے بھارتی منصوبے ابھی تکمیل کی ابتدائی اسٹیج پر ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت کی اقتصادی ترقی سے سبق سیکھنا ہوگا پاکستان کو ملک میں سیاسی عدم استحکام پر قابو پانا ہوگا معاشی عدم استحکام کی سب سے بڑی وجہ سیاسی عدم استحکام ہے اور سیاسی اور اقتصادی عدم استحکام کی وجہ سے دہشتگردوں کو اپنی کاروائیاں کرنے کا موقع ملتا ہے ہمیں جہاں سیاسی صورتحال کو مستحکم کرنے میں ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہئے وہیں دہشت گردی کا فی الفور خاتمہ بھی ضروری ہے پاکستان کو اپنے اندرونی معاملات پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے ہمیں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے ہمیں فوری طور پر اپنے مسائل حل کرنے ہونگے ملک کو آگے بڑھانے میں ہم سب کا مشترکہ جدوجہد کرنی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں