چاغی لشکر آب کے رہائشیوں کا بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کیخلاف کوئٹہ پریس کلب پر احتجاج
کوئٹہ (آن لائن) ضلع چاغی لشکر آب کے رہائشیوں نے تعلیم، صحت، پانی، مواصلات سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے لئے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع نوشکی کے پسماندہ علاقہ لشکر آب میں تمام مسائل حل طلب ہیں علاقے سے منتخب نمائندے صرف اپنی بینک بیلنس اور جائیدادیں بنانے میں لگے ہوئے ہیں انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں علاقہ تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ جدید دور میں انسان اور جانور ایک ہی جوہڑ سے پانی پینے پر مجبور ہیں۔ تعلیمی سہولیات نا پید ہے جس سے مستقبل کے معماروں کا مستقبل تاریک ہورہا ہے اگر سکول موجود ہیں تواساتذہ نہیں گھر بیٹھے تنخواہ لے رہے ہیں جوکہ اہل علاقہ کے ساتھ کھلم کھلا ظلم اور حکومتی عدم توجہ کا منہ بولتا ثبوت ہے اسی طرح صحت کے حوالے سے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ادویات اور علاج معالجے کی سہولیات سے لوگ محروم چلے آرہے ہیں۔ جس سے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوچکے ہیں۔ ہم حکام بالا سے مطالبہ کرتے ہیں تمام مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی سے اقدامات اٹھا کر علاقہ کی پسماندگی کو دور کرنے میں کردار ادا کیا جائے۔ مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔


