بے نظیر بھٹو نے دلیری کیساتھ انتہاپسندی اور آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا،علی مدد جتک

کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو نے دلیری کیساتھ انتہاپسندی اور آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا محترمہ شہید نے سمجھوتہ کرنے کی بجائے ملک کی بقا کی جنگ لڑی اور اپنی جان تک قربان کردی، بینظیر بھٹو شہید کے وژن اور عظیم فیصلوں کے باعث ملک میں جمہوریت مضبوط ہوئی ہم آج اس عزم کا اظہر کرتے ہیں کہ پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں محترمہ شہید کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر دم لیں گے، پارٹی کارکنان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد و کارناموں کو اجاگر کریں، تاکہ نئی نسل کے ذہنوں اور تاریخ کو مسخ شدہ حقائق سے آلودہ ہونے سے محفوظ رکھا جاسکے۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ٗ ضلع کوئٹہ کے صدر میر ولی محمد قلندرانی نے اتوار کو ”جتک ہاؤس“ کوئٹہ میں شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو عالم اسلام کی پہلی مسلمان خاتون تھی جنہوں نے ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالی اور آمریت کے خلاف جہدوجہد کرتے ہوئے قید وبند کی صعوبتیں برداشت کیں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ منانے کا مقصد سیاسی مخالفین کو بتانا ہے کہ بی بی شہید آج بھی جیالوں کے دلوں میں زندہ ہیں پیپلز پارٹی ہمیشہ خواتین کی حقوق کی علمبردار رہی ہیں ہمیں فخر ہے کہ ہم شہید بھٹو، شہید بی بی اور جمہوریت کے پیروکار ہیں اور ہم نے جمہوریت کیلئے ہمیشہ قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ بی بی شہید نے آخری دم تک جمہوریت اور پاکستان کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑی اور دنیا میں پاکستان کی سر بلندی کے لیئے کوششیں کرتی رہیں، بی بی کا خواب ملک میں جمہوری نظام اور مساوات پر مبنی معاشرے کی تشکیل تھا اور پاکستان بنانے کا مقصد بھی یہی تھا جہاں نہ صرف امن وامان اور عدل و انصاف کا بول بالا ہو، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی عظیم لیڈ ر کی جرات اور بہادری اور پاکستان کی عوام کے لئے دی جانے والی لازوال قربانیوں پر ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے آمریتوں کے خلاف کامیاب جدوجہد کی اور ملک میں عوام کی حکمرانی کو بحال کیا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد سیاسی جدوجہد کی ایک نئی تاریخ رقم کی اور اس جدوجہد کے ثمرات سے یہ ملک ہمیشہ مستفید ہوتا رہے گا محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی ہمت اور جدوجہد سے وہ کر دکھایا کہ جس کی مثال ساری اسلامی دنیا میں نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ دختر مشرق دنیا سیاست کا وہ ستارہ ہے جو بجھ نہیں سکتا۔ انہوں نے کہاکہ شہید بی بی حیات ہوتیں تو آج ملک و عوام کے حالات الگ ہوتے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے عوام اور پارلیمان کو اختیار دینے کی سیاست کی۔ انہوں نے کہاکہ افسوس ہے آج عوام کے حالات بدتر اور پارلیمان کی بے توقیر کی جا رہی ہے آج ملک کو محترمہ کے سیاست کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید جمہوریت بینظیر بھٹو نے عوام کے حقوق کی بحالی اور معاشی و اقتصادی ترقی کیلئے اور پاکستان میں جمہوریت کے قیام، جمہوری اداروں کی بحالی، عدلیہ کے استحکام اور عوام کے حقوق کیلئے انتھک جدوجہد کی وہ ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور ترقی و خوشحالی اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں رہتی تھیں شہید بینظیر بھٹو ملک اور قوم کیلئے اپنی خدمات، جدوجہد، پروگرام، پالیسیوں اور عوام سے محبت کے جذبے کی وجہ سے دنیا کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ وجاویدرہیں گی اور انکے اصول ہمارے لیئے مشعل راہ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر ووٹ لینے والوں نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کو دو وقت کی روٹی کا محتاج کردیا ہے عوام بے روزگاری کے ہاتھوں اپنے بچوں کے ہمراہ خود کشیاں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم یوٹرن کے ماہر ہیں جس کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کا پیش کردہ بجٹ پیش کیا جسے ملک کی جمہوری سیاسی جماعتوں نے مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت فیڈریشن کی حامی جماعتوں کو دیوار سے لگانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیب پی ٹی آيی کی َ”بی ٹیم“ بن چکی ہے جس واضح ثبوت چینی اور آٹے چوری میں ملوث ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرنا ہے اورچینی چوری میں ملوث جہانگیر ترین کی بیرون ملک بھیجوانا ہے۔تقریب کے اختتام پر شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور غریبوں میں لنگر تقسیم کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں