عیدالاضحی پر کورونا سے متعلق ایس او پیز کا اعلان 30 جون تک کر دیا جائے گا،ڈاکٹر ظفر مرزا

اسلام آ باد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ عیدالاضحی پر کورونا سے متعلق ایس او پیز کا اعلان 30 جون تک کر دیا جائے گا،کورونا کے کیسز اور اموات ہمارے خدشات کی نسبت کم ہیں، پاکستان میں کورونا کے باعث 2.5 فیصد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ ملک میں کورونا سے مکمل ریکوری ریٹ 40 فیصد ہے۔ان کا کہنا ہے کہ عید کے بعد کورونا وائرس کی ایک لہر آئی تھی، اب ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد شروع ہو چکا ہے، پاکستان کے معاشی حالات کے باعث مکمل لاک ڈاؤن ممکن نہیں ہے، 1300سے زائد ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کر کیصوبوں کو بتا دیا گیا ہے۔ ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکومتوں نے سب سے کم توجہ تعلیم اور صحت کے شعبے کو دی، ملک میں صحت کا انفرا اسٹرکچر بھی درست نہیں، جون میں معلوم ہوا کہ صوبوں نے صحت بجٹ پورا استعمال ہی نہیں کیا۔ معاون خصوصی ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ سب سے کم صحت کا بجٹ بلوچستان نے استعمال کیا، نجی اسپتالوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ فروری کے ریٹ پر چارج کریں۔ڈاکٹر ظفر مرزا کا مزید کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے کہ پلازمہ تھراپی سے کورونا کا مریض ٹھیک ہو جائے گا، افسوس ہمارے ہاں لاکھوں روپے میں پلازمہ فروحت کیا گیا، کسی کو پلازمہ جیسے چکر میں نہیں آنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں