وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات

ریاض (صباح نیوز)نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی یہ ملاقات جاری مشترکہ عرب اسلامی غیر معمولی سربراہی اجلاس کے موقع پر کی۔ملاقات میں غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی قابض افواج کی جارحیت سے متعلق حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ۔وزیراعظم کاکڑ نے فلسطین کازکو اجاگر کرنے کے سلسلے میں مملکت سعودی عرب اور اس کی مدبرانہ قیادت کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بگڑتی ہوئی صورت حال پر مشترکہ عرب اسلامی ایکشن کی تیاری کے لیے سربراہی اجلاس بلانے کے بروقت اقدام پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماو¿ں نے اسرائیل کو محصور اور معصوم فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ اور اندھا دھند جارحیت سے روکنے کے لیے فوری بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مقبوضہ غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا تاکہ متاثرہ آبادی کو اہم انسانی امداد اور طبی امداد کی فراہمی میں آسانی ہو۔وزیراعظم نے ہسپتالوں، مہاجرین کیمپوں، سکولوں اور رہائشی عمارتوں پر بمباری کے اسرائیلی اقدام کی مذمت کی جس کے نتیجے میں 10 ہزار سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے اسرائیل فلسطین تنازعہ کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو بھی اجاگر کیا۔ دونوں رہنماں نے دوطرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔باہمی طور پر مفید اقتصادی شراکت داری کے لیے پاک سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں