عرب امارات کے مختلف شہروں میں بارش،سڑکیں تالاب بن گئیں

دبئی(صباح نیوز)متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں سے سڑکیں زیر آب آگئیں ، ٹریفک کا نظام متاثر اور موسم سرد ہو گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دبئی میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ابوظبی اور فجیرہ میں درمیانے درجے کی بارش ہوئی،موسم سرد ہو گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کی وجہ سے یلو اور اورنج ویدر الرٹ جاری کیا گیا جبکہ مزید بارشوں کی پیشگوئی بھی کی گئی ۔دوسری جانب بارشوں کی وجہ سے سڑکیں زیر آب آنے پر دبئی کی ٹریفک پولیس نے بھی شہریوں کو احتیاط کرنے کی ہدایت کی ہے۔دبئی پولیس نے شہریوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر موجود پانی سے عوام محتاط رہیں اورگاڑیاں احتیاط سے چلائیں۔روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے شہریوں کو سڑکوں کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ شارجہ سے دبئی میں داخل ہونے والی مرکزی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، شارجہ سے دبئی آنے والی روڈ پربارش کا پانی جمع ہے، شارجہ سے دبئی آنے والے افراد شیخ محمد بن زاید روڈ کے بجائے متبادل راستہ اختیار کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں