مچھ شہر پر قبضہ برقرار، فورسز کے قافلے پر حملہ، ریلوے ٹریک اڑا دیا گیا، جھڑپیں جاری
کوئٹہ (انتخاب نیوز) ضلع بولان میں صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔ چالیس سے زائد گھنٹے گزرنے کے بعد بھی مچھ شہر پر علیحدگی پسندوں کا قبضہ برقرار ہے۔ اطلاعات کے مطابق مسلح افراد اور فورسز کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ اس حوالے سے اطلاعات ہیں کہ سبی سے مچھ جانے والے فورسز کے قافلے پر مسلح افراد نے مچھ شہر کے قریب گوکرت ہوٹل کے مقام پر ایک شدید حملے میں دو اطراف سے راکٹ لانچروں، مشین گنوں اور بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق مچھ میں ر یلوے ٹریک کو بھی اڑائے جانے کی اطلاعات ہیں۔ علاوہ ازیں فورسز کی جانب سے تازہ حملوں میں 4 حملہ آوروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے سرکاری ذرائع کے حوالے سے کسی خبر کی تصدیق نہیں کی جارہی، جبکہ مقامی ذرائع بھی کشیدہ صورتحال کے باعث کسی خبر کی تصدیق نہیں کرپارہے۔


