حکومت نے بجلی اور گیس چوروں کے خلاف کارروائی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں
اسلام آباد(انتخاب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل ڈپٹی جنرلز اور تمام ریجنز کے ڈائریکٹرز نے شکرت کی، اجلاس میں وزیر داخلہ کے گزشتہ ہفتے ایف آئی ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر جاری احکامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ نے بجلی اور گیس چوری میں ملوث افراد کےخلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے ایف آئی اے کو خصوصی ٹاسک دے دیا۔محسن نقوی کی ہدایت پر بجلی و گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاو¿ن کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، اس کے علاوہ ایف آئی اے حکام نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو یونان کشتی حادثہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔محسن نقوی نے کہا کہ اس سانحہ میں ملوث تمام عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا ہو گا، انسانی سمگلنگ میں ملوث تمام عناصر کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس ناسور کا سدباب ممکن ہو سکے۔اجلاس میں ایف آئی اے اہلکاروں کی زیر التوا ترقیوں پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا، وزیر داخلہ نے زیر التوا پرموشن کیسز کو جلد نمٹانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایک ماہ کی مقررہ مدت میں تمام زیر التوا پرموشن کیسز کو نمٹایا جائے۔


