کراچی میں ڈاکوﺅں اور پولیس کے درمیان مقابلہ، فائرنگ سے خاتون جاں بحق
کراچی (انتخاب نیوز) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاﺅن میں قطر اسپتال کے قریب پولیس مقابلے کے دوران مبینہ طور پر ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی شناخت نازیہ انجم کے نام سے ہوئی ہے، خاتون اپنے شوہر کیساتھ قطر اسپتال کی پارکنگ میں موجود تھی کہ قریب موجود دکان کے باہر 2 نوجوانوں کو موٹر سائیکل سوار ڈاکوﺅں نے لوٹنے کی کوشش کی۔ ایسے میں قریب موجود موٹرسائیکل پر موجود پولیس اہلکاروں نے فوری ایکشن کیا، ڈاکوﺅں نے موقع سے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کی جو خاتون کو لگی۔ پولیس نے واقعے سے متعلق تفتیش شروع کردی ہے، جن افراد سے لوٹ مار کی جارہی تھی ان کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ عینی شاہد نبیل کا کہنا ہے کہ دکان پر کھڑے تھے کہ 2 بندے آئے، موبائل چھینا تو پولیس آگئی اور دونوں بھاگنے لگے تو پولیس بھی پیچھے گئی، ملزمان نے فائرنگ کی تو پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، خاتون شوہر کے ساتھ یہاں کھڑی تھی، ملزمان کی فائرنگ سے خاتون کو گولی لگ گئی۔


