وزیراعظم کی چین کے سفیر سے ملاقات، شانگلہ واقعے پر اظہار افسوس

اسلام آباد (انتخاب نیوز) شانگلہ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں چینی باشندوں کی ہلاکت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اسلام آباد میں چینی سفارتخانے پہنچے اور 5 چینی باشندوں کی ہلاکت پر تعزیت کی۔ وفاقی وزرا اسحاق ڈار، محسن نقوی اور عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں چینی شہریوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نے چینی صدر اور چینی وزیرِاعظم کے لیے واقعے کے حوالے سے تعزیتی پیغام دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان واقعے کی اعلیٰ سطح اور جلد تحقیقات کرائےگا، واقعے کے ذمہ داروں و سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دےگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی کونقصان پہنچانے کی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سی پیک دشمنوں نے پھر سے ایسی بزدلانہ حرکت سے اسے متزلزل کرنےکی سازش کی، دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔چینی سفیر نے وزیراعظم کی آمد اور تحقیقات میں ذاتی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں