پنجگور میں تاحال اسکولوں میں درسی کتب فراہم نہ کی جاسکیں، تدریسی عمل متاثر

پنجگور (نامہ نگار) پنجگور میں نئے تعلیمی سال کو 27 دن مکمل ہوگئے تاحال اسکولوں میں درسی کتب فراہم نہیں کی جاسکیں، تدریسی سلسلہ شدید متاثر۔ تفصیلات کے مطابق پنجگور میں حسب روایت اسکولوں میں درسی کتب فراہم نہ کی جاسکیں۔ نیا تعلیمی سال شروع ہوئے 27 روز گزر گئے مگر کتابوں کی فراہمی کا سلسلہ مکمل نہ ہوسکا، مختلف کلاسوں کی کتابیں تاحال نامکمل ہیں، جن میں ساتویں جماعت کی تاریخ، ڈرائنگ، اردو، اسلامیات، نہم کی انگلش، بیالوجی، فزکس، کیمسٹری، دھم کلاس کی کیمسٹری، فزکس، انگلش اور جماعت دوئم کی حساب کی کتب بھی دستیاب نہ ہوسکیں۔ فرسٹ اور سیکنڈ ایئر کی ایک بھی کتاب تاحال میسر نہیں۔ پنجگور میں کتب کی ان عدم فراہمی سے تدریسی سلسلہ شدید متاثر ہے بچے اسکولوں میں صرف ٹائم پاس کررہے ہیں، والدین نے سرکاری اسکولوں میں کتب کی عدم دستیابی کو تعلیم دشمن اقدام قرار دے کر اسکی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسکولوں میں جلد درسی کتب فراہم کی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں