جامعات کی کار کردگی پر فنڈ جاری ہوگا، مالی بحران میں بھرتیوں پر وزیر اعلیٰ بلوچستان برہم

کوئٹہ(انتخاب نیوز)وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جامعات کے مالی و انتظامی امور پر غور کیا گیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی جامعات کے بڑھتے ہوئے اخراجات پر قابو پانا ہوگا ، خود مختاری کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ وسائل سے تجاوز کیا جائے، جامعات اپنے مالی امور کو بہتر بناتے ہوئے شفافیت پر مبنی نظام تشکیل دیں ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مالی بحران کے باجوود بھرتیوں پر برہمی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ پابندی کے باوجود پابندی کیسے ہوئیں؟ وسائل دیں گے تو حساب کتاب بھی لیں گے، آئندہ کارکردگی کی بنیاد پر جامعات کو فنڈز جاری کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سیکرٹری خزانہ کو ہدایت دی کہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے پرفارمنس انڈیکیٹر تشکیل دی جائیں ۔ ، وائس چانسلرز کسی قسم کا کوئی دباو¿ نہ لیں میرٹ پر فیصلے کریں ، ایڈہاک بنیادوں پر غیر ضروری بھرتیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ اخبارات میں مشتہر کرکے میرٹ پر صرف اشد ضروری بھرتیاں کی جائیں ، کنٹریکٹ پر بھرتی ریٹائرڈ ملازمین پینشن اور تنخواہ دونوں مراعات لے رہے ہیں، حالات ایسے ہی چلتے رہے تو وقت آئے گا بلوچستان کے پاس ڈویلپمنٹ کے لئے وسائل دستیاب نہیں ہوں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں