کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر ہٹانے کیلئے شہری نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ میں کسان کارڈ پر مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی تصویر لگانے کے اقدام کی درخواست شہری مشکور حسین نے وکیل کی وساطت سے دائر کی ہے جس میں وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز، صوبائی حکومت اور نواز شریف کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ پبلک فنڈز ذاتی تشہیر کیلئے استعمال نہیں ہو سکتے، کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانا قانون کی خلاف ورزی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ پنجاب حکومت کو نواز شریف کی تصویر والے کسان کارڈ جاری کرنے سے روکے، کسان کارڈ پر نواز شریف کی تصویر لگانے پر آنے والے اخراجات نواز شریف سے وصول کئے جائیں۔درخواست گزار نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ درخواست کے حتمی فیصلے تک کسان کارڈ کی پرنٹنگ روکنے کا حکم دے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی زیرِ صدارت زرعی اصلاحات پر منعقدہ اجلاس میں نواز شریف کسان کارڈ کی منظوری دی تھی۔


