چین نے تربیلا ڈیم کا کام دوبارہ شروع کر دیا، مزدوروں میں خوشی کی لہر

پشاور (انتخاب نیوز) چین نے تربیلا ڈیم کا کام دوبارہ شروع کر دیا، جس کے بعد مزدوروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ چینی حکام کا کہنا ہے ڈیموں کے منصوبوں سے پاکستانی مزدوروں کو برطرف کرنے کی خبریں درست نہیں۔ بشام میں چینی عملے پر ہونے والے دہشتگردی کے واقعے کے بعد چینی کمپنیوں نے داسو اور تربیلا ڈیم پر کام روک دیا تھا جب ک جمعہ کو دیامر بھاشا ڈیم پر سول کام روک دیا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر دعوے کیے جا رہے تھے کہ تین ہزار کے قریب مزدور بیروزگار ہوگئے ہیں۔ تاہم بشام خودکش حملے میں پانچ چینی انجینئرز کی المناک ہلاکت کے باوجود چین نے تربیلا ڈیم توسیعی منصوبے پر دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔ انگریزی اخبار کے مطابق پاور کنسٹرکشن کارپوریشن آف چائنا لمیٹڈ کی جانب سے 28 مارچ کو جاری کردہ ایک دفتری سرکلر میں کارکنوں کو اپنے فرائض پر واپس آنے کی ہدایت کی تھی۔ اس سے پہلے 26 مارچ کو جاری سرکلر میں کمپنی نے کہا تھا کہ عارضی کام بندش کے باوجود ملازمین کو ان کے جائز قانونی حقوق ملیں گے۔ کمپنی نے ملازمین کو نکالنے کی خبریں مسترد کی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں