ججوں کے خط پر انکوائری کمیشن بنا کر ذمہ داری پوری کی بعد میں تبدیلی آئی، وزیر اعظم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد میں کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس معاملے کی تحقیق ہم کرائیں گے تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکوک خطوں کے معاملے پر ہمیں سیاست نہیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ 6 ہائی کورٹ کے ججوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کے ساتھ میٹنگ کی روشنی میں کابینہ منظوری کے ساتھ فیصلہ کیا کہ انکوائری کمیشن بنایا جائے اور محترم سابق چیف جسٹس تصدق جیلانی کی مشاورت اور رضا مندی کے ساتھ کمیشن کو نوٹی فائی کیا اور ٹی او آرز کو بھی نوٹیفائی کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ بعد میں تصدق جیلانی نے کمیشن کی سربراہی سے معذرت کرلی اور سپریم کورٹ نے پرسوں اس پر سو موٹو لے لیا اور اس کی سماعت سے سب آگاہ ہیں، اب سپریم کورٹ اس معاملے کو دیکھے گا ، ہم نے اپنی ذمہ داری پوری کردی تھی اور پھر اس میں تبدیلی آئی۔


