ججز کو دھمکی آمیز خطوط میں آرسینک کی موجودگی کا انکشاف، سی ٹی ڈی کی رپورٹ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) سپریم کورٹ، ہائی کورٹ ججز کو بھجوائے گئے دھمکی آمیز خطوط کی تفتیش میں اہم پیش رفت۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی کو خطوط سے ملنے والے پاﺅڈر کی فارنزک رپورٹ موصول ہوگئی، خط سے ملنے والے پاﺅڈر میں آرسینک کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں خطوط میں موجود پاﺅڈر میں آرسینک کی مقدار 10 فیصد پائی گئی۔ ذرائع کے مطابق پاﺅڈر میں آرسینک کی 70 فیصد سے زائد مقدار بہت زہریلی ہوتی ہے، اس کے سونگھنے سے انسان کے اعصاب پر شدید اثر پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی نے سب ڈویژنل پوسٹ آفس سیٹلائٹ ٹاﺅن کے لیٹر باکسز کے قریب کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی حاصل کرلی ہے، ویڈیو میں موجود مشتبہ افراد کی نادرا کے ذریعے شناخت کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی نے ویڈیو میں موجود کچھ مشکوک افراد سے تفتیش کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں