ترکیہ نے غزہ میں سیز فائر تک اسرائیل کو برآمدات پر پابندی عائد کردی

انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ترکیہ نے غزہ میں جاری جنگ میں سیز فائر تک اسرائیل کو اشیا کی برآمدات پر پابندی عائد کردی ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سات اپریل کو حماس کی کارروائی کے بعد اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملے سے ترکیہ نے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے فوری سیز فائر کا مطالبہ کیا تھا، نسل کشی پر اسرائیل کے احتساب کی حمایت کی تھی اور اب تک ترکیہ ہزاروں ٹن امداد غزہ بھیج چکا ہے۔ اسرائیلی حملے کی بھرپور مخالفت اور غزہ کی امداد کے باوجود ترکیہ نے اب تک اسرائیل سے تجارتی روابط برقرار رکھے ہوئے تھے جس پر مقامی سطح پر سخت احتجاج کیا گیا تھا۔ مقامی سطح پر سخت مطالبات کے پیش نظر ترکیہ نے اسرائیل پر تجارتی پابندیاں عائد کردی ہیں جس پر اسرائیل نے بھی سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ وزارت تجارت کے مطابق لوہا، ماربل، اسٹیل، المونیم، کھاد، تعمیراتی مال اور اشیا، جہازوں کے ایندھن سمیت 54 کیٹیگریز میں پابندی عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک اسرائیل عالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے فوری طور پر جنگ بندی کا اعلان نہیں کرتا اور غزہ کی پٹی پر بلاروک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی نہیں بناتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں