نوشکی میں جاں بحق افراد کی لاشیں کوئٹہ پہنچا دی، وزیر اعظم نے رپورٹ طلب کر لی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بس مسافروں کے اغوا و قتل کی مذمت کی، وزیرداخلہ محسن نقوی نے المناک واقعہ پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ قومی شاہراہ پر پیش آنےوالے واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ہماری تمام ترہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں سوگوارخاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، قائداعظم کے پاکستان میں ایسے افسوسناک واقعہ کی کوئی گنجائش نہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے نوشکی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔وزیراعظم شہبازشریف نے نوشکی میں قومی شاہراہ پربس سے مسافروں کے اغوا اور قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے لرزہ خیز واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے، وزیراعظم نے مقتولین کیلئے فاتحہ خوانی اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ رنج کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی،واضح رہے کہ کوئٹہ سے تفتان جانے والی مسافر بس سے 9 افراد کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر کے لاشیں نوشکی کے پہاڑی علاقے میں پھینک دی گئی تھیں، جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق منڈی بہاءالدین سے ہے۔نوشکی میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 9افراد کی میتیں کوئٹہ پہنچا دی گئیں، فائرنگ سے جاں بحق افراد کی متیوں کو سول ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھا گیا ہے، ضروری کارروائی کے بعد میتیں کوئٹہ سے پنجاب کیلئے روانہ کی جائیں گی، جبکہ مسافر بس میں موجود دیگر افراد سٹی تھانے نوشکی میں ہی موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں