ثناءاللہ زہری نے کابینہ سے متعلق ناراضگی اور بیرون ملک جانے والی خبروں کی تردید کر دی

کوئٹہ(انتخاب نیوز)مرکزی رہنما پیپلز پارٹی اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری کا کہنا تھا کہ بلوچستان کابینہ سے متعلق ناراضگی اور بیرون ملک جانے سے متعلق خبروں کوئی صداقت نہیں، میر سرفراز بگٹی کی وزیر اعلی نامزدگی کے بعد صدر آصف علی زرداری نے مجھ سے رابطہ کیااس ہی دن صدر آصف زرداری کو آگاہ کیا کہ پارٹی کا جو فیصلہ ہے وہ تسلیم کرتے ہیں، ثناءاللہ زہری کا مزید کہناتھا کہ صدر آصف زرداری کو آگاہ کیا کہ پارٹی کی کامیابی کےلئے ایک ورکر کی حیثیت سے کام کرونگا، بلوچستان میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، پارٹی میری اور حکومت بھی میری ہے جسے بھرپور مضبوط و مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کرونگا، میری کوشش ہے کی بلوچستان میں پیپلزپارٹی کو مزید مضبوط و مستحکم کروں تاکہ بلوچستان میں آئندہ انتخابات کے دوران مزید کامیابیاں حاصل ہوسکے، سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ نامزدگی کے فورا بعد میر سرفراز بگٹی کوئٹہ میں میری رہائش گاہ آئے، میر سرفراز بگٹی کو مبارکباد دی اور انھیں بتایا کہ "میں” کسی بھی عہدے کا خواہش مند نہیں، میں نے بذات خود میر سرفراز بگٹی کےلئے بطور وزیر کاغذات نامزدگی کی تائید و تجویز کے بعد جمع کرائے، صدر آصف زرداری اور وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کابینہ کی تشکیل سے متعلق مجھ سے مشاورت کی تھی۔ میری خواہش اور کوشش ہے کہ کابینہ میں نئے چہرے شامل ہو تاکہ نوجوان قیادت پر مشتمل کابینہ کام کرسکے۔ثناءاللہ زہری نے مزید کہا کہ بلوچستان میں بسنے والے بلوچ، پشتون اور دیگر اقوام کے روایات کا پاسدار ہوں، وزیر اعلی کے عہدے پر فائر رہنے والا اب صوبائی وزیر کا عہدہ لے یہ بلوچستان کی روایات نہیں، میرا شمار روایات کو زندہ رکھنے والوں میں ہوتا ہے اور ان روایات کی ہمیشہ پاسداری کی ہے، کابینہ میں شامل پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن اور بی اے پی کے ارکان مجھ سے انتہائی قریب ہیں۔علاوہ ازیں ثناءاللہ زہری نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے نئی کابینہ بلوچستان کی ترقی کیلئے کردار ادا کریگی، وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی کابینہ کو میری بھرپور حمایت و تعاون حاصل ہے۔انہوں نے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے متعلق بغیر کسی تحقیق کے خبر چلاکر میری عزت نفس کو مجروح کرنے کی کوشش کی گئی ہے، سوشل میڈیا کا مقصد کسی کے عزت سے کھیلنا نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں