پنجگور لا کالج کو یوینورسٹی کا درجہ دیکر جلد تدریسی عمل شروع کیا جائے، بی ایس او پچار

پنجگور (نامہ نگار) بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ پنجگور لاءکالج کی بلڈنگ کو تیار ہوئے عرصہ گزر چکا لیکن تعلیمی ادارے کو اب تک فعال نہیں کیا جا رہا ہے، جو پنجگور سمیت مکران کے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ زیادتی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں ایک سیاسی جماعت نے لاءکالج پنجگور میں سیاسی پروگرام منعقد کر کے تعلیمی ادارے کی بے توقیری کی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ تعلیمی ادارے قومی اثاثہ ہوتے ہیں نہ کہ کسی سیاسی پارٹی و شخصی ملکیت، تعلیمی اداروں پر قبضہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ہمیں فعال اور منظم تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے لیکن بدقسمتی سے تعلیمی اداروں کو درس و تدریس کے لیے بند رکھنا اور وہاں سیاسی جماعت کے ورکر پروگرام رکھنا ایک المیہ ہے۔ ترجمان نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ لاءکالج پنجگور کی بلڈنگ کو سیاسی جماعت کے پروگرامز کے لیے استعمال کرنے کا نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ بلوچستان حکومت، چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن سمیت دیگر ذمہ داران لاءکالج پنجگور کو فعال کرنے اور تدریسی عمل شروع کرنے میں اپنا کردار ادا کریں چونکہ لاءکالج مکران یونیورسٹی پنجگور کا حصہ ہے اس لیے اسے جلد یونیورسٹی کو درجہ دیا جائے اور یونیورسٹی کو پابند کیا جائے کہ جلد لاءکالج میں کلاسز کا باقاعدہ آغاز کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں