بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے، این ایچ اے

اسلام آباد (انتخاب نیوز) حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے دنوں میں این ایچ اے انتظامیہ سڑکوں پر ٹریفک کو بحال رکھنے میں مصروف عمل ہے۔ چیئرمین این ایچ اے ارشد مجید مہمند کی ہدایات پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی تمام توانائیاں اور وسائل سڑکوں کی بحالی پر صرف کیے جا رہے ہیں۔ ملک کے بیشتر حصوں میں این ایچ اے نیٹ ورک ٹریفک کےلئے بحال ہے۔ اس حوالے سے ملک بھر میں حساس مقامات پر این ایچ اے کا عملہ اور مشینری مصروف عمل ہے۔ شاہراہِ قراقرم پر چند مقامات لینڈ سلائیڈنگ کے سبب بند ہیں۔ فوج کی مدد سے لینڈ سلائیڈنگ کا ملبہ صاف کیا جارہا ہے، شاہراہ جلد ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بحال ہوجائے گی۔ گلگت بلتستان میں گیتی داس سے زیرو پوائنٹ (چلاس) کے مقام سے برف ہٹائی جا رہی ہے جبکہ گلگت بلتستان کی بقیہ سڑکیں ٹریفک کے لئے کھلی ہیں، اسی طرح خیبر پختونخوا میں بیشتر شاہراہیں ٹریفک کے لئے بحال کی جاچکی ہیں۔ کاغان، گیتی داس کے مقام پر شدید برفباری کے باعث سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہوچکی ہے۔ برف ہٹانے کا کام موسم کی شدت کم ہونے پر شروع کیا جائے گا۔ شمالی اور جنوبی بلوچستان میں این ایچ اے روڈ نیٹ ورک پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ روڈ انفراسٹرکچر کو بہترین حالت میں رکھنے کے لئے این ایچ اے کے تمام علاقائی دفاتر میں کنٹرول رومز قائم کردیے گئے ہیں جہاں گردونواح کی موسمی اور شاہراتی صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ معلومات کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ صورتحال کے مطابق حکام بالا ہدایات جاری کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ غیر ضروری طور پر خطرے سے دوچار علاقوں کی طرف سفر سے گریز کریں۔ این ایچ اے خراب موسمی حالات میں اپنے روڈ نیٹ ورک کو بحال رکھنے کےلئے تمام ضروری اقدامات کر چکا ہے ، افسران اور فیلڈ عملےکی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں