فارم 47 کے ذریعے ڈرگ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر کو ایوانوں میں بھیجا گیا، داﺅد شاہ کاکڑ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) تحریک انصاف کے صوبائی صدر داﺅد شاہ کاکڑ نے کہا کہ 9مئی کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ورکرز کو تشدد کا نشانہ بنانے اور پابند سلاسل رکھ کر فارم 47 کے امیدواروں کو لندن پلان کے تحت پارٹی کے مینڈیٹ چوری پر ڈاکہ ڈالا گیا جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ڈیمو کریٹک موومنٹ بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اسفندیار خان کاکڑ کی پارٹی سے مستعفی ہوکر تحریک انصاف میں شامل ہونے کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں اتوار کو پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر سردار خادم حسین ورگ، داﺅد اوتمانخیل، صوبائی جنرل سیکرٹری جہانگیر رند، ترجمان محمد آصف ترین، نور خان خلجی، ڈسٹرکٹ لورالائی کے صدر اور جنرل سیکرٹری ولی درمان، نور محمد لونی، آئی ایل ایف کے صدر اقبال شاہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو پارٹی کا مینڈیث چوری کرکے عوامی حمایت سے محروم لوگوں کو ایوان میں لاکر جعلی نمائندوں کو مسلط کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی اور ان کے فیملی اور ورکرز کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اس کے باوجود بھی جماعت دو تہائی اکثریت سے جیت گئی، ہم عمران خان کی پالیسی پر گامزن ہوکر ٹیم ورک کے تحت اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ نے فارم 47 کے ذریعے سیاسی انجینئرنگ کرکے جن لوگوں کو ایوانوں میں بھیجا ہے وہ ڈرگ مافیا، جرائم پیشہ عناصر اور ان کا سیاست سے دور دور کا واسطہ نہیں، ایسے لوگ عوام کی خدمت کی بجائے اپنی جیبیں بھر کر عوام کے حقوق غضب کریں گے جس سے ملک معاشی، داخلی، خارجی مسائل کی دلدل میں پھنس چکا ہے جس کا خمیازہ ملک کے عوام بھگت رہے ہیں۔ داﺅد شاہ کاکڑ نے اسفند یار خان کاکڑ کی شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی فعالیت اور مضبوطی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے تحریک انصاف بلوچستان سمیت ملک بھر کی مقبول جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں پارٹی کو کوئی کمزور نہیں کرسکتا بلکہ تشدد اور راستہ روکنے سے لوگ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوکر حالات کا مقابلہ کریں گے اور بانی پی ٹی آئی کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں گے۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی ڈیموکریٹک موومنٹ بلوچستان کے جنرل اسفند یار خان کاکڑ نے اپنے ساتھیوں سمیت مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو لورالائی سمیت بلوچستان بھر میں فعال بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کروں گا اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں داﺅد شاہ کاکڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی لندن پلان کے تحت فارم 47 کے ذریعے عوام پر مسلط کیے گئے۔ ملک کی عدلیہ بے بس خود انصاف مانگ رہی ہے ایسے حالات میں ہمیں انصاف کون دے گا، یہ تمام طریقہ کار ملک کے مفاد میں نہیں تمام اداروں کو اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا ہوگاتاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں