حب میں منی پمپس پر چھاپے، کروڑوں روپے مالیت کا ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل اور تیل ضبط

حب (نمائندہ انتخاب) خضدار کلیکٹریٹ کھر کھیڑہ کسٹم (وندر) کا فورسز کے ہمراہ پیر اور منگل کی درمیانی رات گئے حب میں ایرانی تیل کے منی پمپس پر چھاپے، کروڑوں روپے مالیت کا ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل اور پیٹرول ضبط کر کے کھر کھیڑہ کسٹم چیک پوسٹ منتقل کردیا گیا، بتایا جاتا ہے کہ چھاپہ مار کارروائیاں بھوانی، دارو ہوٹل اور مغربی بائی پاس کے علاقوں میں کی گئیں۔ واضح رہے کہ حب شہر اور اطراف میں ایرانی تیل کے سینکڑوں کی تعداد میں نہ صرف منی پمپس اور ڈمپنگ اسٹیشنز واقع ہیں جہاں ایرانی تیل موجود ہوتا ہے، جہاں سے روزانہ رات کی تاریکی میں ایرانی تیل حب سے کراچی بعد ازاں اندرون ملک کے مختلف شہروں میں اسمگل کیا جاتا ہے، حالانکہ ایک جانب مکران کوسٹل ہائی وے اور بیلہ سے حب اور پھر کراچی کی حدود میں سینکڑوں کے حساب سے مختلف فورسز کی چیک پوسٹیں قائم ہیں اور دعوے کیے جارہے ہیں کہ ایرانی تیل سمیت ہر طرح کی اسمگلنگ کے سامان کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جارہی ہیں لیکن ان دعوﺅں کے باوجود نہ صرف ایرانی تیل کے حب میں بڑے بڑے ڈمپنگ اسٹیشن اور وہاں پر کارروائی میں بڑی مقدار میںایرانی تیل کا پکڑا جانا ان دعوﺅں کا پول کھول رہا ہے تو ودسری جانب دیگر اسمگل شدہ سامان کا ٹرکوں اور کوچز کے ذریعے وندر حب بعدازاں کراچی کے مختلف علاقوں اور سہراب گوٹھ تک پہنچنا بھی ایک سوالیہ نشان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں