احسان اللہ احسان کے خلاف فوری کارروائی کرکے مقدمہ درج کیا جائے،سندھ کا وفاق سے مطالبہ
کراچی:چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو طالبان دہشت گرد احسان اللہ احسان کی جانب سے دی گئی دھمکیون کا معاملہ،سندھ حکومت نے وفاق سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد احسان اللہ احسان کے خلاف فوری کارروائی کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔اس ضمن میں سندھ کے وزیر برائے زراعت اسماعیل راہو نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو کچھ بھی ہوا تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہونگے۔انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو نے بیان عمران خان کے خلاف دیا تھا دھمکی احسان اللہ احسان نے کیوں دی۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو احسان اللہ احسان کی جانب سے دی گئی دھمکی کی سخت مذمت کرتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری کو دی گئی دھمکی کی اسلام آباد اور بنی گالا سے کسی نے بھی مذمت نہیں کی۔اب قوم جان چکی ہے کہ طالبان نے کس کے کہنے پر دھمکی دی۔ عمران خان نے احسان اللہ احسان کی جانب سے دی گئی دھمکی کی مذمت تک نہیں کی۔اسماعیل راہو نے کہا کہ کیا عمران خان کہ کہنے پر احسان اللہ احسان نے بلاول بھٹو زرداری کو دھمکی دی،سب جانتے ہیں کہ موجودہ حکمرانوں کے تانے بانے کہاں پر جاکے ملتے ہیں۔


