جھوٹی اطلاع پر سزا ہو سکتی ہے، اپریل فول کے موقع پر ایس ایس پی آپریشنز کا کوئٹہ کے شہریوں کو پیغام

کوئٹہ ( آئی این پی ) اپریل فول کے موقع پر ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاق کے نام پر جھوٹی اطلاعات اور افواہیں پھیلانا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ عمل ہے بلکہ اس کے سنگین نتائج بھی برآمد ہو سکتے ہیں۔اپنے پیغام میں ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ آصف خان نے کہا کہ اپریل فول کے دن بعض افراد تفریح کی خاطر غلط معلومات اور جھوٹی خبریں پھیلاتے ہیں، جو معاشرے میں بے چینی اور خوف کا باعث بن سکتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس کے ساتھ کسی بھی قسم کا مذاق، جھوٹی کال یا غلط اطلاع دینا قانونا جرم ہے اور اس پر سزا بھی ہو سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے پولیس کا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے، جو کسی حقیقی ایمرجنسی میں عوام کی مدد کے لیے نہایت اہم ہوتا ہے۔ اس لیے شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور ایسے غیر سنجیدہ رویوں سے مکمل اجتناب کریں۔ایس ایس پی آصف خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محفوظ رہیں، ذمہ دار شہری بنیں اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں