بلوچستان عوامی پارٹی کے بعض رہنماوں کی جانب سے اپنی جماعت کو مسلم لیگ (ن) میں ضم کرنے کی خواہش کا اظہار، مسلم لیگی رہنما
کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان عوامی پارٹی کے بعض رہنماوں کی جانب سے اپنی جماعت کو مسلم لیگ(ن) میں ضم کرنے کی خواہش کا اظہار ،تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ایک سینئررہنمانے صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران انکشاف کیا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے ایک رکن صوبائی اسمبلی جو پارٹی کے مرکزی رہنما بھی ہیں نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں مسلم لیگ(ن) کے بعض رہنماوں کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران اس خواہش کا اظہارکیا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کامسلم لیگ(ن) میں انضمام کیا جائے اس صورت میں مسلم لیگ(ن) کی بلوچستان اسمبلی میں عددی اکثریت مزید بڑھنے کے ساتھ ساتھ صوبے میں پارٹی کی پوزیشن مستحکم ہوجائے گی اس حوالے سے جب بی اے پی کے رہنما اوررکن اسمبلی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی توان سے رابطہ نہ ہوسکاجبکہ بلوچستا ن عوامی پارٹی کے ترجمان صوبائی وزیر میر ضیاءلانگو سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ان سے رابطہ نہیں ہوسکاالبتہ بلوچستان عوامی پارٹی کے ایک سینئررہنما اور عہدیدار نے این این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے کسی بھی اہم فورم پر اس حوالے سے مشاورت نہیںہوئی اگر کسی رہنما یا رکن اسمبلی نے مسلم لیگ(ن) میں انضمام کے حوالے بات کی ہے تو شاید یہ انکی ذاتی عمل ہوسکتا ہے رہنما نے واضح الفاظ میں کہا کہ بی اے پی کے فیصلے مشاورت کے ساتھ ہوتے ہیں اتنا بڑا فیصلہ کوئی شخص تن تنہا نہیں کرسکتا ۔دوسری جانب مسلم لیگ(ن) کے ذرائع نے یہ بتایا ہے کہ انضمام کی خواہش کے اظہار کے بعد اس معاملے پر نہ تو کوئی پیش رفت ہوئی اورنہ ہی پارٹی کی مرکزی قیادت نے اس معاملے پر توجہ دی ہے۔


