بلوچستان کی اہم سیاسی قیادت کی فیلڈ مارشل سے ملاقات،صوبے کی تقدیر صرف یہاں کے عوام کے ہاتھوں میں ہے، آرمی چیف سید عاصم منیر

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت نے ملاقات کی ہے۔ آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات کے دوران کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا۔ بلوچستان باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باوقار عوام سے مالا مال ہے۔ دیرپا امن و استحکام بلوچستان کی حقیقی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن و استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ اور صوبے کے انسانی و قدرتی وسائل کو عوام کی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیت اور مواقع کی کوئی کمی نہیں، نوجوان معاشرے کا سب سے متحرک اور امید افزا طبقہ ہیں۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کے لیے مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ عسکریت پسند اور شدت پسند تنظیمیں بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن عناصر کے غیر ملکی پراکسیز ہیں، دشمن عناصر بلوچستان کی ترقی روکنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کے غیر متزلزل، فیصلہ کن اور بھرپور ردعمل سے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔دشمن کے منفی پروپیگنڈے کا بلاجھجک اور جامع انداز میں مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب اور بلوچستان کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور عوام کی امنگوں کو اجاگر کیا جائے۔ بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھوں میں ہے۔ملاقات میں بلوچستان کی اہم شخصیات اور شرکا نے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے عزم کا اعادہ کیا اور غیر ملکی اسپانسرڈ خطرات کے خلاف ریاست اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران شرکا نے عوام پر مرکوز ترقی کے ذریعے پرامن، مستحکم اور خوشحال بلوچستان کے قیام کے لیے کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ سچ غالب آئے گا جبکہ دشمن قوتوں کا جھوٹا بیانیہ اپنے ہی پروپیگنڈے اور فریب میں دفن ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں