بلوچستان میں بارڈر مارکیٹس قائم کرنے سے غربت کا خاتمہ ہوگا، گورنر بلوچستان

کوئٹہ (آن لائن) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی بلوچستان سے وابستہ ہے۔ یہ بات یقین کے ساتھ کی جا سکتی ہے کہ بلوچستان میں بارڈر مارکیٹس قائم کرنے اور سرحدی تجارت کو فروغ دینے سے پورے صوبہ میں بیروزگاری اور غربت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پاک نیوی کے کمانڈر سینٹرل پنجاب رئیر ایڈمرل اظہر محمود (ستارہ امتیاز ملٹری) نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران صوبے کے ساحلی علاقوں کی ترقی، بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے، بارڈر ٹریڈ کو مستحکم بنانے، امن و امان کی صورتحال اور سمندری تجارت کے حوالے سے نئے امکانات بھی زیر بحث آئے۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ وقت آپہنچا ہے کہ ہم ملک اور صوبے کی معاشی ترقی اور سیاسی استحکام کیلئے جرآت مندانہ فیصلے کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل و معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے، رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے اور یہاں آبادی قلیل مگر منتشر ہے جسکی وجہ سے عوام کو تمام بنیادی سہولیات پہنچانا خاصا مشکل کام ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ افغانستان اور ایران کے ساتھ طویل سرحدیں رکھنے کے باوجود بلوچستان میں سکیورٹی اداروں کی قربانیوں سے امن وامان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں کافی بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے قومی اداروں پر فخر ہے اور یہ بات ہم سب کیلئے باعثِ فخر ومسرت ہے کہ آج ہمارے اداروں میں دنیا کے مختلف ممالک سے آفسران تربیت حاصل کرنے کیلئے آتے ہیں۔ آخر میں مہمانان گرامی کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں