اسرائیل میں الجزیرہ چینل کی نشریات بند، سامان ضبط کرنے کا حکم

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل نے قطری ٹی وی چینل الجزیرہ کی نشریات معطل کردیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی سیٹلائٹ اور کیبل پرووائیڈرز نے الجزیرہ چینل کی نشریات معطل کردی ہیں۔ اسرائیلی سیٹلائٹ سروس کے مطابق اسرائیلی حکومت کے فیصلے پر اسرائیل میں الجزیرہ کی نشریات روک دی گئی ہیں۔ خیال رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی کابینہ نے الجزیرہ چینل بند کرنےکی منظوری دی تھی۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی کابینہ نے متفقہ طور پر اسرائیل میں الجزیرہ کا آپریشن بند کرنےکا فیصلہ کیا جبکہ اسرائیلی پارلیمنٹ الجزیرہ چینل کی عارضی بندش کےحق میں پہلے ہی ووٹ دے چکی تھی۔ اسرائیلی وزیر اطلاعات شلومو کرہی نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں الجزیرہ کو بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے الجزیرہ چینل کی بندش کے حکم پر دستخط کردیے ہیں اور یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر اطلاعات کے یہ احکامات ابتدائی طور پر 45 دن تک نافذ رہیں گے مگر اس کے بعد وزارت کو ضلعی عدالت کے سامنے اس فیصلے کو رکھنا ہوگا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حکومت نے وزیر اطلاعات کو ہدایت کی ہے کہ اسرائیل میں الجزیرہ چینل کو بند کرنے کے ساتھ الجزیرہ چینل کے آفس کو سیل کرکے کمپیوٹرز اور موبائل سمیت دیگر سامان کو بھی ضبط کرلیا جائے۔ اسرائیلی حکومت نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ اسرائیل سے الجزیرہ کی ویب سائٹ تک رسائی کو بھی محدود کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں