حریف نے مجھے برا بھلا کہا، جیتنے کے باوجود میں نے بھارتی پرچم اٹھایا، شاہ زیب رند

کوئٹہ(یو این اے )مکسڈ مارشل آرٹس میں بالعموم اور کراٹے میں بالخصوص پاکستان کا نام روشن کرنے والے شاہ زیب رند نے کہا ہے کہ میں نے جس بھارتی حریف کو ہرایا تھا اس نے مقابلے سے قبل مجھے مغلظات بکی تھیں اور پاکستان کو برا بھلا کہا تھا مگر جب میں نے اسے ہرانے کے بعد پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت کا پرچم بھی بلند کیا تو کراٹے کے بھارت مداح بہت متاثر ہوئے۔ رانا سنگھ کے مداحوں نے اسے بہت ٹرول کیا اور کہا کہ تم جیت گئے ہوتے تو پاکستان کا پرچم کبھی نہ اٹھاتے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ زیب رند نے کہا کہ میں نے بھارتی پرچم اٹھاکر امن اور دوستی کا پیغام دیا کہ دونوں ممالک دشمنی ترک کرکے، ایک دوسرے کو قبول کرکے بہت کچھ کرسکتے ہیں۔ کراٹے کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے شاہ زیب نے بتایا کہ مجھ سے ہارنے والے رانا سنگھ نے بعد میں شرمندہ ہوکر مجھ سے معافی مانگی۔شاہ زیب کا کہنا تھا کہ بالی وڈ کے معروف اسٹار سلمان خان بھی ان کے مداح ہیں۔ وہ مقابلہ دیکھنے آئے تھے اور جب میں نے مقابلہ شروع کیا تو وہ پچھلی نشستوں سے اٹھ کر آگے آئے اور مجھ سے ملے۔ وہ سنجے دت کے بیٹے کو بھی ساتھ لائے تھے اور اس سے ملوایا۔ سلمان نے میری بہت حوصلہ افزائی کی اور بہت سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں جس قدر اعتماد کے ساتھ مقابلے کے لیے آیا اس سے وہ بہت متاثر ہوئے اور انہیں اندازہ ہوگیا تھا کہ فتح میری ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں