علمدار روڈ پر متاثرہ دکانوں کو فی الفور کھولا جائے،کاشف حیدری

کوئٹہ (پ ر) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی رہنماءکاشف حیدری نے کہا ہے کہ گزشتہ روز علمدار روڈ پر متروکہ وقف املاک کی جانب سے سربمہر کی گئی درجنوں دکانوں کی ساتھ سینکڑوں خاندانوں کے روزگار منسلک ہے، متروکہ وقف املاک کی جانب سے دکانوں کو سربمہر کرنا تاجر دشمن اقدام ہے جس پر ہم کسی صورت خاموش نہیں رہیں گے، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز علمدار روڈ میں متاثرہ دکانداروں اور تاجروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ اگر متروکہ وقف املاک کو ان قومی اور مذہبی عمارات کے منتظمین سے مسئلہ درپیش ہے تو وہ منتظمین کیساتھ مل بیٹھ کر اپنا مسئلہ حل کریں، علمدار روڈ کے تاجروں اور دکانداروں کا اس مسئلہ سے کوئی تعلق ہی نہیں، پاکستان بننے سے لیکر اب تک تمام دکان دار اور تاجر باقاعدگی سے اپنا کرایہ ادا کررہے ہیں ایسے میں تاجروں کی دکانوں کو سربمہر کرنا انکا معاشی قتل کرنے کے مترادف ہے جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے، انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ دکانوں کو فی الفور کھولا جائے تاکہ تاجروں کا روزگار متاثر نہ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں