رہنماﺅں اور کارکنوں پر حملوں سے عوام میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے، تحریک انصاف

کوئٹہ (پ ر) تحریک انصاف کے مرکزی پولیٹیکل کمیٹی ممبر اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اپنے بیان میں جمعہ خلجی پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف بلوچستان کے رہنما جمعہ خان خلجی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ وزیراعلیؑ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس نوٹس لیکر واقعے کو منطقی انجام تک پہنچائیں تاکہ تحریک انصاف کے عہدیداران اور کارکنان میں پایا جانے والا غصہ، بے اعتمادی اور نفرت کم ہو، دہشتگردی اور ایسے مجرمانہ واقعات کی روک تھام کے لیے اب تو کوئٹہ شہر کے ہر کونے میں سیف سٹی اور محکمہ پولیس کی جانب سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ عوام نے بھی اپنی مدد آپکے تحت سی سی ٹی وی کیمرے لگائیں جن کی مدد سے ملزمان کی گرفتاری جلد اور بہترین انداز میں عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جس بےدردی سے دن دہاڑے تحریک انصاف بلوچستان کے رہنما جمعہ خلجی پر قاتلانہ حملہ کرکے ملزمان بآسانی موقع سے فرار ہوگئے، یہ پولیس اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے جو کوئٹہ شہر میں جنگل کے قانون کی عکاسی کرتا ہے کارکنان صبر و تحمل سے کام لیے ہم حکام بالا اور متعلقہ اداروں بالخصوص وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایمرجنسی بنیادوں پر ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائیں گے کیونکہ ایسے واقعات سے ہی کوئٹہ شہر کا امن خراب اور عوام میں خوف و ہراس پھیل جاتا ہے، امید کی جاتی ہے کہ پولیس اور متعلقہ ادارے ہنگامی بنیادوں پر اس واقعے میں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں