اے این ایف سرگرم، 224کلو منشیات اسمگلنگ ناکام، افغان باشندوں سمیت 3افراد گرفتار

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اینٹی نارکوٹکس فورس کی ملکی تاریخ کی سب سے بڑی اور کامیاب کارروائی، منشیات کی سب سے بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے ملکی تاریخ میں بیرون ملک اسمگل کی جانے والی میتھ آئس کی سب سے بڑی کھیپ بلجیم اسمگل کرنے کوشش ناکام بنادی۔منشیات افغانستان سوپ اسٹونز کی ایکسپورٹ کی آڑ میں اسمگل کی جا رہی تھی جو 5 مختلف کنٹینرز کی چھتوں اور دیواروں میں مہارت سے چھپائی گئی تھی۔ 224 کلو گرام آئس کو طورخم کے راستے افغانستان سے بلجیم اسمگل کرنے کے لیے پہلے کراچی اسمگل کیاگیا۔ اے این ایف نے چیکنگ کے دوران منشیات برآمد کرکے کراچی پورٹ پر اسمگلنگ میں استعمال ہونے والے تمام کنٹینرز کو تحویل میں لے لیا۔حکام کا کہناتھا کہ کنٹینر بھجوانے والے 3 ملزمان جن میں سے 2 کا تعلق افغانستان سے ہے کو طور خم بارڈر سے افغانستان فرار ہونے کے دوران گرفتار کر لیا گیا ، جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے وسیع پیمانے پر تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں