بی ایس او ٹنڈو جام زون کا اجلاس ، شابان بلوچ صدر ، آفتاب علی جنرل سیکریٹری منتخب

کوئٹہ(انتخاب نیوز)بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ٹنڈوجام زون کا جنرل باڈی اجلاس سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین بی ایس او بالاچ قادر نے کی جبکہ مہمان خصوصی مرکزی کمیٹی اراکین کرم بلوچ اور عادل بلوچ تھے۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال،بلوچ طلباءکو درپیش مسائل، تنقیدی نشست، تنظیمی امور اور آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے شامل تھے۔بی ایس او ٹنڈو جام زون کی جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بی ایس او بالاچ قادر نے کہا کہ بلوچ طلباءکو منظم کرنا اور ان میں سیاسی شعور کی بیداری ہمارا قومی فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیمی اداروں کے فقدان سے بلوچ طلباءمختلف علاقوں میں منتشر ہیں جن کو یکجاہ کرکے منظم سیاسی قوت دینا ہوگا۔ موجودہ دور میں جہاں بلوچستان کے تعلیمی ادارے مالی دیوالیہ پن کا شکار ہوچکے ہیں اور تعلیمی اسٹرکچر کو دانستہ طور پر زبوں حالی کا شکار بنایا گیا تو وہاں دوسری جانب ملک کے دیگر صوبوں میں پڑھنے والے بلوچ طلباءبھی مسائل کا شکار ہیں۔ دیگر صوبوں میں پڑھنے والے بلوچ طلباءکو قومی شناخت کی بنیاد پر ہراسمنٹ کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ طلباءکی گمشدگی، پروفائلنگ اور بلوچستان کے مخصوص سیٹوں پر فیس کی شرائط جیسے اقدامات کا مقصد طلباءکیلئے مستقبل قریب میں تعلیمی دروازے بند کرنے کی سازشیں ہیں۔اجلاس میں مزید کہا گیا کہ بلوچ طلباءقابلیت کی بنیاد پر سینکڑوں کلومیٹر سفر کرکے ملک کے تعلیمی اداروں میں داخلہ لیتے ہیں لیکن متعصبانہ حربوں کے ذریعے ان کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے۔چیئرمین بی ایس او نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے ہم گروپس کی بجائے سیاسی تنظیموں کو مضبوط کریں۔بی ایس او بلوچ طلباءکی اولین سیاسی درسگاہ ہے جس نے ایک منظم ادارے کی صورت میں بلوچ طلباءکو متحد کیا۔ بلوچ طلباءسطحی اپروچ کی بجائے قومی اپروچ کو لیکر آگے بڑھیں۔ علاوہ ازیں اجلاس میں آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے پر ٹنڈو جام زون کے انتخابات عمل میں لائے گئے جس کے مطابق شابان بلوچ صدر، اسلم بلوچ سینئر نائب صدرشاداب بلوچ ، جونیئر نائب صدر آفتاب علی، جنرل سیکریٹری کاشف بلوچ ، سینئر جوائنٹ سیکریٹری، اختربلوچ جونیئر جوائنٹ سیکریٹری اور نزیربلوچ انفارمیشن سیکریٹری منتخب ہوگئے۔ چیئرمین بی ایس او نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں