کرغزستان میں پاکستانی طلبہ کیلئے حالات کشیدہ، پروازوں سے 360افراد وطن واپس آئینگے

بشکیک(مانیٹرنگ ڈیسک)کرغزستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ اور مسافروں کو واپس لانے کیلئے آج مزید 2 پروازیں بشکیک جائیں گی۔خصوصی پروازوں کے ذریعے 360 طلبا کو وطن واپس لایا جائے گا، ایک پرواز لاہور، دوسری اسلام آباد پہنچے گی، دونوں پروازیں شام تک پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ کرغزستان میں پ±رتشدد واقعات کے بعد پاکستانی طلبہ کی واپسی کا عمل شروع ہوگیا، گزشتہ روز طلبہ سمیت 180 مسافروں کو لے کر پہلی پرواز KA-571 لاہور ایئرپورٹ پر پہنچی۔لاہور ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خصوصی طور پر طلبہ کا استقبال کیا، اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر لاہور ایئرپورٹ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس وقت طلبا کی زندگیاں بہت اہم ہیں، ہم نے اپنے بچوں کو واپس لانا ہے، زخمی طلبا کو پہلے واپس لانا ترجیح ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کے مقامی اور غیر ملکی طلبہ میں جھگڑے کے بعد ہنگامہ آرائی ہوئی، پاکستانی طلبہ بھی ہنگاموں کی زد میں آ گئے اور مشتعل کرغز طلبہ نے پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلز پر حملے کر دیئے جن میں متعدد طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں