شیخ ماندہ گرڈ اسٹیشن میں نئے پاور ٹرانسفارمر کی تنصیب تین روز میں مکمل ہوگی

کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) کے شعبہ گرڈسسٹم کنسٹرکشن (جی ایس سی) اور گرڈسسٹم آپریشن (جی ایس او) نے شیخ ماندہ گرڈاسٹیشن میں نئے پاور ٹرانسفارمرکی تنصیب کاکام شروع کردیاہے اور ٹرانسفارمرکی تنصیب کے کام میں مزید تین روز لگ سکتے ہیں۔ دریں اثناء چیف ایگزیکٹو آفیسر انجےنئر شفقت علی نے متعلقہ فارمیشنز کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ شیخ ماندہ گرڈاسٹیشن میں پاور ٹرانسفارمر1 سے منسلک فیڈروںکے صارفین کی مشکلات کو مدنظررکھتے ہوئے گرڈاسٹیشن میں نئے 40ایم وی اے پاور ٹرانسفارمرکی تنصیب کاکام جلد مکمل کیاجائے تاکہ متاثرہ فیڈروں کے صارفین کو ریلیف مل سکے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں 132kVشیخ ماندہ گرڈ اسٹیشن کے پاور ٹرانسفارمر ون میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی تھی جسکے نتیجے میں گرڈ اسٹیشن کے پاور ٹرانسفارمر سے منسلک 11kVداریم، چشمہ، جبل نور، دوستین، نوحصار، خروٹ آباد،آئی ٹی یونیورسٹی، کڈنی سینٹر اور ایف سی فیڈروں کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔جس کے بعد کیسکو سٹاف نے پاور ٹرانسفارمر کو تبدیل اورتنصیب کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا۔تاہم اس دوران متاثرہ فیڈروں کو متبادل زرائع یعنی گرڈ اسٹیشن میں موجود دوسرے پاور ٹرانسفارمر سے باری باری بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور ان متبادل زرائع سے بجلی کی فراہمی کی وجہ سے متعلقہ فیڈروں پر اضافی لوڈ شیڈنگ ناگزیر ہے۔ تاہم کیسکونے متعلقہ فیڈروں کو بجلی کی بندش پر پیش آنیوالی زحمت پر صارفین سے معذرت اور تعاون کی اپیل کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں