بھاگ میں 22گھنٹے کی لوڈشیڈنگ، مسئلہ حل نہ ہونے پر میٹر واپڈا کے حوالے کرینگے، این پی

بھاگ(نامہ نگار) نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما و قبائلی شخصیت میر اعجاز بلوچ نے تحصیل بھاگ کے دیہی علاقوں میں 22 گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ کو عوام دشمنی قراردیتے ہوئے کیسکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دیہی علاقوں میں 12گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔50 سینٹی گریڈ گرمی میں 22 گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ نے عوام کے حوصلے چھین لئے ہیں باربار شکایت اور احتجاج سے دادرسی نہ ہونے کے باعث عوام کا مایوسی کا شکار ہیں حکمرانوں کی عدم توجہی کے باعث ادارے عوام پر بوجھ بنتے جارہے ہیں انہوں نے کہا شدید گرمی میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے تحصیل بھاگ کی عوام نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں بلکہ یونین کونسل جلال خان کے پچاس فیصد لوگ بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور شدید گرمی سے تنگ آکر بچوں کی تعلیم کو خیر آباد کہہ کر ٹھنڈے علاقوں میں شفٹ ہوگئے ہیں ۔ نقل مکانی کی وجہ سے بچوں کی تعلیم اور کاروبار شدید متاثر ہورہاہے انہوں نے کہا اس سلسلے میں کیسکو کے مقامی آفیسران سے باربار ملاقاتیں کرچکے ہیں احتجاج سڑک بلاک کیے صرف طفل تسلیوں کے سوا کچھ نہیں ہوا مقامی آفیسران کا موقف ہے کہ لائن لائسز اور صارفین کی جانب سے بجلی کے بل جمع نہیں ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ جو شخص بل جمع نہیں کرتا یا انکے ذمہ کیسکو کے واجبات ہیں انکے خلاف قانونی کاروائی کی جائے انکی بجلی منقطع کی جائے لیکن نادہندہ کی سزا تو پوری یونین کونسل کے عوام کو نہ دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ یونین کونسل جلال خان کے عوام مزید خاموش نہیں رہیں گے عوام کی قوت برداشت جواب دے چکی ہے اگر کیسکو حکام نے سابقہ شیڈول بحال نہ کیا گیا تو بجلی کے بل اور میٹر واپڈا حکام کے حوالے کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں