مذاکرات کیسے کریں، عمران خان سنجیدہ نہیں، نواز شریف
اسلام آ باد (آئی این پی ) صدرمسلم لیگ ( ن)نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان سے انتقام لینے کا کبھی سوچا تک نہیں،مجھے اس سے کوئی غرض نہیں عمران خان کو جیل میں کون کون سی سہولیات مل رہی ہیں، شاہد خاقان عباسی بہت عمدہ انسان ہیں ، بڑی جرات کے ساتھ انہوں نے میرے ساتھ جیل کاٹی، کبھی انہوں نے اف تک نہیں کیا ، انہوں نے بہت بہادری کے ساتھ میرا ساتھ دیا، اگر مجھے نہ نکالتے تو ملک میں غربت نا ہوتی، اگر مجھے نہ نکالتے تو آج ہم جی 20 سے آگے نکل گئے ہوتے اور ہمیں آئی ایم ایف کی ضرورت نہ ہوتی، آپ ہمیں طعنہ دیتے ہیں تو جمہوریت تو آپ نے تباہ کی ہے، ہم تو اپنے زمانے میں آپ کے گھر چل کر گئے تھے، بینظیر بھٹو نے چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کیا تھا،مذاکرات میں سب سے بڑی رکاوٹ خود بانی پی ٹی آئی ہیں، جب وہ ہی سنجیدہ نہیں تو کوئی مذاکرات کیسے کرے ۔میاں نواز شریف کی زیر صدارت مری میں ن لیگی سینیٹرز کا اہم اجلاس ہوا۔ سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہر منصوبے پر مسلم لیگ(ن)کا نام لکھا ہوا ہے، جو بڑا کام پاکستان کی تاریخ میں ہوا اس کے پیچھے ہماری جماعت ہے، کوئی اور پارٹی بتادے کہ انہوں نے کونسا قابل ذکر منصوبہ بنایا ہے؟ نواز شریف نے کہا کہ جنگلہ بس کہنے والے جنگلہ بس بنا کے اربوں روپے کھا کر غائب ہوگئے ہیں، وہ کہانیاں جو آپ اور میں پڑھتے تھے کہ کیسے پشاور میں میٹرو بس میں کس قدر گھپلے ہوئے ہیں، اس کا موازنہ کرنا ضروری ہے کہ کون کیا کر گیا ملک کے ساتھ، کس نے خدمت کی اور کس نے اس کو اجاڑا۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میرے دل میں مشرف کے خلاف کوئی شکوہ نہیں لیکن میں صرف مشرف سے پوچھتا ہوں کہ کیا وجہ تھی کہ انہوں نے ایک اچھے بھلے وزیر اعظم کو اکھاڑ کے باہر پھینک دیا اور اسمبلیاں بھی توڑ دیں؟ عدلیہ ان کے گلے میں ہار پہنایا اور کہا کہ ہمیں آپ کا انتظار تھا، آپ کہاں تھے؟ اور پھر اس وزیر اعظم کو گرفتار کرلیا جس نے ایٹمی بٹن پر ہاتھ رکھ کے اسے دبایا تھا اور ایٹمی دھماکے کیے، یہ صلہ ملا اس وزیر اعظم کو۔ انہوں نے کہا کہ آج تک نا ہم نے کوئی خاطر خواہ احتجاج کیا ہے اور ناہی ہماری قوم نے اس کا نوٹس لیا ہے، ان کا تاریخ سے بڑا گہرا تعلق ہے اور اس کو فراموش نہیں کرنا چاہیے، اس کے بعد ہم قید و بند میں رہے، ملک سے باہر بھی رہے، ہمیں اٹک فورٹ میں بند کردیا گیا جہاں جنگلی جانوروں کی آوازوں سے ہم راتوں کو اٹھ جاتے تھے۔نواز شریف نے شاہد خاقان عباسی کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی کو اجلاس میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مجھے یاد ہے جب میں اور شاہد خاقان جیل میں تھے تو سعدیہ عباسی صاحبہ صبح شام ہماری خدمت کرتی رہتی تھیں، سعدیہ نے بھی بہت مشکل حالات کا سامنا کیا، ہمارے ساتھ اتنا ظلم ہوا کہ میری آنکھوں کے سامنے میری بیٹی کو گرفتار کیا گیا، یہ لوگ مریم نواز کو باہر سے بھی گرفتار کر سکتے تھے لیکن ان کی کوشش تھی کہ کسی طرح مجھے توڑ سکیں۔ انہوں نے کہا شاہد خاقان عباسی بہت عمدہ انسان ہیں ، انہوں نے بڑی جرات کے ساتھ میرے ساتھ جیل کاٹی، اور کبھی انہوں نے اف تک نہیں کیا لیکن انہوں نے بہت بہادری کے ساتھ میرا ساتھ دیا اور مسائل بھی برداشت کیے، جو سچ بات ہے وہ کرنی اور کہنی چاہیے، مجھے وہ وقت یاد آتا ہے کہ ہم بھی متزلزل نہیں ہوئے، لیکن اللہ نے وہ وقت بھی نکلوادیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سچ کو سچ کہنا ہوگا، جو لوگ اندھا دھن باطل کے پیچھے بھاگتے ہیں اور یہ نہیں دیکھتے کہ یہ ملک کے ساتھ کیا سلوک کرگیا ہے، غریب لوگوں کا جینا مشکل کر گیا ہے، مہنگائی کو آسمان پر لے گیا اور پھر نہ روٹی میسر نہ سالن میسر ہے، بجلی مہنگی ہے ، تو کیا یہ میں چھوڑ کے گیا تھا؟ میں تو بجلی ملک کے گھر گھر پہنچا کے گیا تھا بلکہ مجھے تو نکالا گیا تھا، اگر مجھے نہ نکالتے تو ملک میں غربت نا ہوتی۔


