بلوچستان کمیشن کی چیئرپرسن کی تقرری کے لیے اخبار میں اشتہار جاری کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ:چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر)فضیل اصغر کی زیر صدارت بلوچستان کمیشن کی چیئرپرسن کی تقرری کے لئے سرچ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی ماہ جبین شیران،بی بی شاہینہ، سیکرٹری قانون محمد اکبر حریفال، سیکرٹری خزانہ نورالحق بلوچ، سیکرٹری وویمن ڈویلپمنٹ بلال جمالی نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہاکہ کمیشن کی چیئر پرسن کی تعیناتی کیلئے اخبار میں اشتہار دیا جائیگا اور اس کے ساتھ ساتھ خواتین اراکین اسمبلی بھی چیئر پرسن کی تعیناتی کیلئے موزوں امیدوار تلاش کرنے میں تعاون کریں گی جو خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں چیف سیکرٹری نے کہا کہ کمیشن کا بنیادی مقصد خواتین کی آزادی، مواقع کی برابری اور خواتین اور مردوں کے مابین معاشی و اقتصادی حالات اور خواتین میں ہر طرح کے امتیازی سلوک کا خاتمہ ہے۔ کمیشن کے اہم کاموں میں خواتین کی ترقی کے لئے حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والی پالیسی، پروگراموں اور دیگر اقدامات کی جانچ پڑتال اور خواتین کی حیثیت اور حقوق کو متاثر کرنے والی تمام پالیسیوں، قوانین، قواعد و ضوابط کا جائزہ اور اس کے مطابق صنفی مساوات شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں