بنگلا دیش کے سابق انٹیلی جنس چیف اور سابق وزیر کے فرار کی کوشش ناکام، گرفتار کرلیا گیا

ڈھاکا (مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلا دیش کے سابق انٹیلی جنس چیف اور سابق وزیر خارجہ و سابق وزیر اطلاعات کو گرفتار کرلیا گیا۔ بنگلا دیش کے برطرف میجر جنرل ضیا الاحسن کو بنگلادیش سے دبئی فرار ہوتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا۔ بنگلادیشی میڈیا کے مطابق میجر جنرل ضیا الاحسن کو طیارے سے حراست میں لےکر ڈھاکا چھاو¿نی منتقل کیا گیا۔ بنگلادیشی میڈیا کے مطابق میجر جنرل ضیا الاحسن نجی ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے دبئی جارہے تھے تاہم جہاز کے ٹیک ا?ف سے قبل جہاز کو رن وے سے واپس بلاکر انہیں گرفتار کیا گیا۔ میجر جنرل ضیا الحسن کو گزشتہ روز ان کے عہدے سے برطرف کیا گیا تھا، وہ مستعفی وزیراعظم حسینہ واجد کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔ گزشتہ روز بنگلادیش کے انٹر سروسز پبلک ریلشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ میجر جنرل ضیا الاحسن کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔ میجر جنرل ضیا الاحسن ملکی انٹیلیجنس ایجنسی نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن مانیٹرنگ سینٹر (این ٹی ایم سی) کے ڈائریکٹر جنرل تھے اور یہ ایجنسی وزارت داخلہ کے ماتحت ہے۔ علاوہ ازیں رپورٹس کے مطابق بنگلادیش کے سابق وزیر خارجہ و سابق وزیر اطلاعات کو ڈھاکا ائیرپورٹ سے ملک سے فرار کی کوشش پر گرفتار کیا گیا ہے، دونوں افراد بھارتی دارالحکومت نئی دہلی فرار ہو رہے تھے۔ بنگلادیشی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز بنگلادیش کے سابق وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) زنید احمد کو بھی گرفتار کرلیا گیا، انہیں ڈھاکا ائیرپورٹ پر موجود عملے نے پکڑ کر ائیرفورس کے حوالے کیا۔