غلط پالیسیوں کے باعث جمہوریت ہی نہیں معیشت بھی کمزور ترین پوزیشن پر آچکی ہے، اصغرخان اچکزئی

لورالائی: عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے فروغ و استحکام اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کے لئے سیاسی قیادت کو جاری جدوجہد تیز کرنے کی ضرورت ہے غلط پالیسیوں کے باعث ا س وقت ملک میں جمہوریت ہی کمزورنہیں بلکہ معیشت بھی ملکی تاریخ کی کمزور ترین پوزیشن پر آچکی ہے، انجمن اصلاح الافاغنہ سے لے کر عوامی نیشنل پارٹی کی موجود ہ تنظیمی شکل تک اے این پی قائدین اور کارکنوں نے پشتونوں کے مسائل کے حل اور جمہوریت کے استحکام کے لئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے اور اس راہ میں جان و مال کی قربانیاں دیں اور قید وبند کی صعوبتیں برداشت کیں، عوامی نیشنل پارٹی نے1986ء سے لے کر آج2020ء تک اٹھارہویں ترمیم، صوبوں کی خودمختاری، وسائل پر صوبوں کے حق اختیار، پشتونخوا میں درجنوں جامعات کے قیام، علم وہنر کے فروغ سمیت دیگر اہداف حاصل کئے ہمارے لئے مراعات، عہدوں اور کرسی سے زیادہ اہمیت اپنے کارکنوں اور عوام کا اعتماد اہمیت رکھتا ہے جسے کسی صورت ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر و صوبائی پارلیمانی لیڈر اصغرخان اچکزئی، صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا، صوبائی سینئر نائب صدر نوابزادہ ارباب عمر فاروق کاسی، مرکزی نائب صدر ملک عثمان اچکزئی، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید خان ناصر، صوبائی سینئر نائب صدر اصغر علی ترین، اراکین مرکزی کمیٹی عبیداللہ عابد، ڈاکٹر عیسیٰ خان جوگیزئی، گنوخان غلزئی، ضلعی صدر منظورخان کاکڑ، ضلعی نائب صدر عبدالخالق ناصر، صوبائی کونسل ممبر حمیدخان مشوانی و دیگر مقررین نے پشتو ادبی ٹولنہ لورالائی کے دفتر کے باہر عوامی نیشنل پارٹی کے34ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پشتونوں کو جدید سائنسی بنیادوں پر قائم تنظیم سے روشناس کرانے کا سہرا فخر افغان باچاخان کے سر جاتا ہے جنہوں نے بیسویں صدی میں پشتونوں کو عدم تشدد کا درس دیتے ہوئے انہیں منظم کیا اور اپنے حقوق کے حصول کے لئے پرامن اور جمہوری جدوجہد سے روشناس کرایا انجمن اصلاح الافاغنہ سے لے کر نیشنل عوامی پارٹی اور نیشنل عوامی پارٹی سے لے کر پھر عوامی نیشنل پارٹی کی تشکیل اور آج عوامی نیشنل پارٹی کی تشکیل کو 34سال گزر نے کے طویل عرصے کے دوران ہمارے اکابرین،قیادت اور کارکنوں نے پشتونوں کے حقوق کے حصول، مسائل کے حل اور ملک میں جمہوریت کی مضبوطی و استحکام کے لئے جو تاریخی کردار ادا کیا ہے وہ روز روشن کی طرح عیاں ہے 1986ء کو عوامی نیشنل پارٹی کی تشکیل سے لے کر آج 2020ء تک عوامی نیشنل پارٹی نے پشتونوں کے اجتماعی قومی حقوق کے حصول، مسائل کے حل اور اہداف کے حوالے سے تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کے وسائل میں اضافے سے لے کر، اٹھارہویں ترمیم، صوبائی خودمختاری، وسائل پر صوبوں کے حق اختیار،غیور قبائلی عوام کو آئینی، انسانی اور شرعی حقوق دلانے، فاٹا کے خیبرپشتونخوا میں انضمام، 10جامعات کا قیام، علم وہنر کے فروغ کے لئے ادارے قائم کرنے اور پشتونوں کو اپنے حقوق کے حوالے سے سوال اٹھانے کی جرات دینے کا سہرا عوامی نیشنل پارٹی کے سر جاتا ہے آج اگر ملک میں لولی لنگڑی جمہوریت ہے تو ا س کے لئے ہمارے قائدین نے صف اول میں رہتے ہوئے فعال کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت نہ صرف عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہوچکی ہے بلکہ اس موجودہ حکومت کے ہوتے ہوئے عوامی مسائل کا حل مشکل ہی نہیں ناممکن بھی بن چکا ہے ہم ملک کی تمام جمہوری اور سیاسی قوتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ایک پیج پر آتے ہوئے ملک میں جمہوریت کے استحکام اور عوامی مسائل کے حل کے لئے مشترکہ جدوجہد کو فروغ دیں۔ دریں اثناء گزشتہ روز عوامی نیشنل پارٹی ضلع لورالائی کے ضلعی کونسل اجلاس میں نئے ضلعی صدر کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا ضلعی کونسل اجلاس میں پارٹی کے ہر دلعزیز رہنماء ضلعی لورالائی کے صدر مرحوم بسم اللہ جان لونی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی تنظیمی خدمات کو سراہا گیا ضلعی کونسل اجلاس میں صدر بسم اللہ جان لونی کی وفات کے باعث خالی ہونے والے ضلعی صدر کے عہدے پر انتخاب عمل میں لایا گیا 123ووٹوں میں سے75ووٹ لے کر منظور خان کاکڑ ضلعی صد رمنتخب ہوئے ان کے مدمقابل حمید خان مشوانی نے46ووٹ لئے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔ پارٹی کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے منظورخان کاکڑ کو ضلع لورالائی کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کااظہار کیا کہ وہ ضلع لورالائی میں پارٹی کا پیغام گھر گھر تک پہنچانے اور تنظیمی ڈسلپن کی پابندی کے حوالے سے اپنا فعال اور متحرک کردار ادا کریں گے اور کارکنوں کی امیدوں پر پورااتریں گے۔ قبل ازیں صوبائی کونسل کے رکن گل باران مردانزئی نے اپنی رہائش گاہ پٹھان کوٹ میں عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین، رہنماؤں اور کارکنوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں